نئی دہلی :05 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) نائب صدر جمہوریہ ہند جناب این وینکیا نائیڈو آج پراگوئے اور کوسٹاریکا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔ جناب وینکیا نائیڈو کے اس دورے کا مقصدلاطینی امریکہ ان دونوں ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔جناب وینکیا نائیڈو کی روانگی کے وقت ہندوستان میں پراگوئے کے سفارت خانے کے وزیر اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن روبین ڈیریو بینڈز پاما اور کوسٹاریکا کے سی ڈی اے جناب ایڈورڈو سیل گیڈو اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں۔وینکیا نائیڈو پراگوئے کا سرکار ی دورہ کرنے والے پہلے نائب صدر جمہوریہ ہند ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت وسیاحت الفانس جوزف کنن تھنن ممبر پارلیمنٹ جناب رام کمار کیشیپ اور حکومت ہند کے سینئیر افسران وینکیا نائیڈو کے ہمراہ اس دورے پر گئے ہیں۔پراگوئے پہنچنے کے فوراََ بعد جناب نائیڈو نیشنل پینتھیون آف ہیروز جائیں گے اور شہید فوجیوں کو گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔بعد ازاں جناب نائیڈو پراگوئے کے پیلیشیو ڈی گوبی یرنو میں صدر پراگوئے جناب ماریو ایب ڈو بینڈز کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔اس کے ساتھ ہی جناب وینکیا نائیڈو جمہوریہ پراگوئے کے نائب صدر جناب ہیو گو ویلاکوئز سے گفتگو کریں گے اور اعلیٰ سطحی وفود کی گفتگو میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی جناب نائیڈو اپنے اعزاز میں اہتمام کئے جانے والے ایک ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔بعدازاں وینکیا نائیڈو نیشنل کانگریس کے صدر سلویو اوویلر سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد نائیڈو پراگوئے میں آباد ہندوستانی برادری کی جانب سے اہتمام کی جانے والی ایک استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔سات مارچ کو سین جوز کے لئے روانگی سے قبل وینکیا نائیڈو پراگوئے کی کاروباری برادری سے گفتگو کریں گے اور ’’ بزنس اینڈ انویسمنٹ اپارچیو نٹیز ان پراگوئے‘‘ کے موضوع پر پیش کیا جائے والا ایک پریذینٹیشن دیکھیں گے۔سین جوز پہنچنے کے بعد وینکیا نائیڈو کو یونیورسٹی کی جانب سے بین الاقوامی امن اور تصادم کے مطالعات میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزاز ی ڈگری سے سرفراز کیا جائے گا۔ وینکیا نائیڈو کو یہ اعزازی ڈگری قانون کی بالادستی،جمہوریت اور پائیدار ترقی اور امن کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں پیش کی جائے گی۔ بعدازاں وینکیا نائیڈو اپنے میز بان اور جمہوریہ کوسٹاریکا کے صدر مملکت جناب کارلوس الوریڈو کوئساڈا سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ وفود کی سطح کے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔